لکھنؤ:10/مارچ( ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)منی لانڈرنگ معاملے میں ای ڈی نے جمعہ کی صبح عدالت میں یادو سنگھ کو پیش کیا۔ای ڈی نے عدالت سے مزید تین دن کی ریمانڈ بڑھائے جانے کی اپیل کی ہے۔فی الحال کورٹ سے کوئی ہدایت نہیں آئی ہے، لیکن گرین سگنل مل سکتا ہے۔واضح رہے کہ انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے حکومت میں اچھا رسوخ رکھنے والے 900کروڑ روپے کی غیر اعلانیہ جائیداد کے مالک انجینئر یادو سنگھ کے خلاف چھاپہ ماری کی تھی، اس چھاپے ماری میں دو کلو سونا، 100کروڑ کے ہیرے، 10کروڑ نقد کے علاوہ کئی دستاویزات ملے تھے۔12لاکھ روپے سالانہ کی تنخواہ پانے والے یادو سنگھ اور ان کا خاندان 323کروڑ کی جائیداد کا مالک بن گیا۔یادو سنگھ پر یہ بھی الزام ہے کہ اس کے پاس تقریبا 60کمپنیاں ہیں، اس معاملے میں یادو سنگھ کی بیوی کسم لتا اب بھی فرار ہے۔یادو سنگھ کے شہر میں دو عالیشان مکان اور زمین ہے، اس میں ایک مکان سیکٹر- 27اور دوسرا سیکٹر- 51میں ہے۔سیکٹر- 51کا مکان ان کی بیوی کے نام ہے۔عدالت کے حکم کے بعد انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے یادو سنگھ کی کل 19.92کروڑ روپے کی جائیداد سیج کردی ہے۔ذرائع کی مانیں، تو یہ جائیداد یادو سنگھ کی کالی کمائی کا ایک بڑا حصہ ہے۔ای ڈی نے منی لانڈرنگ معاملے میں یادو سنگھ کو جمعہ کی صبح عدالت میں پیش کیا، جہاں پوچھ گچھ کے لیے ای ڈی نے تین دن کی اضافی ریمانڈ مانگی ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ کورٹ نے اسے پہلے بھی تین دن کے لیے ریمانڈ دی تھی۔